کسانوں کی مدد کے لئے فنڈکا قیام | اقوام متحدہ کا20 کروڑ ڈالر اکٹھا کرنے کا ہدف

روم//اقوام متحدہ نے کرونا وائرس ‘کووڈ۔19’ وبا کے دوران کسانوں اور دیگر دیہی برادریوں کی امداد کے لئے ایک خصوصی فنڈ تشکیل دیا ہے ۔اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل ایگری کلچرل ڈیولپمنٹ فنڈ (آئی ایف اے ڈی) نے ‘کووڈ۔19 رورل پور انسینٹیو فیسیلیٹی’ کے نام سے اس خصوصی فنڈ کی ابتدا کی ہے جس میں کوئی بھی شخص یا ادارہ عطیہ کرسکتا ہے ۔ اس نے اپنی طرف سے اس میں چار کروڑ ڈالر کی رقم دیتے ہوئے اراکین ممالک، اداروں اور نجی شعبہ سے اس کے لئے عطیہ دینے کی اپیل کی ہے ۔ اس خصوصی فنڈ سے کسانوں اور دیہی برادریوں کو امداد دی جائے گی۔ آئی ایف ڈی اے کا ہدف بیس کروڑ ڈالر عطیہ کی رقم اکٹھا کرنے کا ہے ۔آئی ایف اے ڈی کے صدر گلبرٹ ایف ہنگبو نے بتایا کہ ‘‘اس صحت بحران کو فوڈ بحران میں بدلنے سے روکنے کے لئے بھی سرگرم ہونا ضروری ہے ۔ کووڈ۔19 کی وجہ سے دیہی خاندانوں کے سامنے غربت، بھوک اور مایوسی میں اور اضافہ ہوسکتا ہے جو عالمی اقتدار اعلی اور استحکام کے لئے حقیقی خطرہ ہوگا۔اقوام متحدہ کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے سب سے غریب اور کھانے پینے کے بحران سے دوچار آبادی تقریبا 80 فیصد گاؤں میں رہتی ہے ۔ اس وبا سے پہلے بھی دنیا میں 82 کروڑ سے زیادہ لوگ روزانہ بھوکے پیٹ سوتے تھے ۔ ایک حالیہ مطالعہ میں بتایا گیا ہے کہ اگر صورت حال بے حد خراب ہوتی ہے تو اس وبا کی وجہ سے 50 کروڑ لوگ مزید غریب ہوجائیں گے ۔یواین آئی