عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مالی سال 2025-26 (اسیسمنٹ ایئر 2026-27) کیلئے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی تعداد 1.70 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ نے ہفتہ کو بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی بڑی تعداد مقررہ وقت سے پہلے اپنے ریٹرن داخل کر رہی ہے، جبکہ صرف جمعہ کے روز ہی 10 لاکھ سے زیادہ ریٹرن جمع کیے گئے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ اب تک 1.70 کروڑ سے زیادہ ٹیکس دہندگان اسیسمنٹ ایئر 2026-27 کے لیے اپنا انکم ٹیکس ریٹرن داخل کر چکے ہیں۔ محکمہ نے باقی اہل ٹیکس دہندگان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت اپنا ریٹرن داخل کریں تاکہ آخری دنوں میں پیش آنے والی تکنیکی یا دیگر مشکلات سے بچا جا سکے۔ محکمہ کے مطابق مالی سال 2025-26 کی آمدنی کیلئے آئی ٹی آر فارم1 (سہج) اور آئی ٹی آر فارم-2 جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 مقرر ہے۔ فارم 1 بنیادی طور پر ایسے انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے ہے جن کی سالانہ آمدنی 50 لاکھ روپے تک ہو اور جن کی آمدنی تنخواہ، ایک مکان یا دیگر مقررہ ذرائع سے حاصل ہوتی ہو، جبکہ فارم 2 ان افراد اور ہندو غیر منقسم خاندانوں کے لیے ہے جنہیں کیپیٹل گین یا دیگر مخصوص ذرائع سے آمدنی حاصل ہوتی ہے۔