سرینگر/ کرالہ پورہ چاڈورہ میں جنگجوئوں نے فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی جس کے بعد تلاشی کارروائی کے دوران فورسز پر پتھرائو کیا گیا اور فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔سی آر پی ایف کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ 29بٹالین ڈی کمپنی کی ایک گشتی پارٹی چھانہ پورہ سے ڈونی واری چاڑورہ کی طرف جارہی تھی، جس کے دوران کرالہ پورہ کے کھلے کھیت میں جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انکی گاڑیوں پر تین فائر لگے البتہ کوئی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ جب علاقے کی تلاشی لینے کی کوشش کی گئی تو کچھ نوجوانوں نے پتھرائو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے ہوا میں تین فائر کئے گئے اور پتھرائو کرنے والوں کو بھگایا گیا۔البتہ پولیس نے اس واقعہ کے حوالے سے کہا کہ کچھ شر پسندوں نے فورسز کی ایک پارٹی پر پتھراؤ کیا جس کے بعد سی آر پی ایف نے شر پسندوں کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیاں چلائیں۔پولیس بیان میں کہا گیاکہ کورونالاک ڈائون ڈیوٹی پرجارہے سی آرپی ایف اہلکاروں پرکچھ شرپسندعناصر نے پتھرائو کیا ،اوران شرپسندوں کومنتشر کرنے کیلئے فورسزاہلکاروںنے گولیوں کے دویاتین رائونڈ ہوا میں فائر کئے ۔ترجمان نے کہاکہ اس دوران کوئی نقصان نہیں ہوا اورنہ کوئی زخمی ہوا۔