نئی دہلی//وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان پر آج متنبہ کیا جس سے سنگاپور جیسے ممالک کے ساتھ ہندوستان کی دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو چوٹ پہنچتی ہے ۔ مسٹر کیجریوال کے ذریعہ منگل کے روز ٹوئیٹ کرکے کووڈ-19 کی نئی اسٹرین کو سنگاپور اسٹرین بتائے جانے اور مرکزی حکومت سے سنگاپور کی پروازیں بند کرنے کا مطالبہ کئے جانے پر وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ٹویٹر پر کہا کہ "ذمہ دارلوگوں کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ تبصرے سے طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کے تعلقات مجروح ہوسکتے ہیں"۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ دہلی کے وزیر اعلی کا بیان ہندوستان کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں ہندوستان اور سنگاپور مضبوط شراکت دار ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کو بروقت آکسیجن کی فراہمی کے لئے سنگاپور کے ذریعہ ایئر فورس کا طیارہ بھیجنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان اور سنگاپور کے تعلقات کتنے اہم ہیں۔