راجوری // کانگریس پارٹی ضلع اکائی راجوری کی طرف سے ضلع صدر کانگریس سائیں عبدالرشید کی قیادت میں گوجر منڈی میں گذشتہ روز اننت ناگ میں یاتریوں کے مارنے جانے کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔اس موقعہ پر کانگریس کارکنان نے الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کو ریاستی سرکار تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جس کی وجہ سے گذشتہ روز کاواقعہ پیش آیا ہے ۔ سائیں عبدالرشید نے کہا کہ ریاستی سرکار کو اپنی ناکامی قبول کرنی ہوگی کیونکہ سیکورٹی ایجنسیوں نے کئی ماہ پہلے ہی یاتریوں پر حملے کی پیش گوئی کی تھی جس کے باوجود ریاستی سرکار یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام کیوں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے کی چھان بین کی جانی چاہئے کیونکہ اب تک کسی بھی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ مشکوک ہے اور اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے کہ کیا کہیں کسی ایجنسی نے تو بے گناہ اورنہتے یاتریوں کو نشانہ نہیںبنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ہوکاعالم ہے اورکہیں گائے کے نام پر انسانوں کا موت کے گھاٹ اتار دیا جارہا ہے تو کہیں کسی اور بہانے حالات خراب کئے جارہے ہیں ۔ سائیں عبدالرشید نے ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ احتجاج میں اقبال شال ودیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔