پونچھ//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ریاستی ابزروراور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرمقصود مرزا و دیپک راٹھور نے پونچھ کا دورہ کیا۔اس موقعہ پر ڈاک بنگلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کانگریس کے ضلع صدر راجندر سنگھ کاکا،چوہدری عبدالغنی،تاج میر سمیت کئی سینئر لیڈران موجو دتھے ۔ مقصود مرزا اور دیپک راٹھور نے ضلع،بلاک اورتحصیل عہدیداران کے انتخابات کے طور طریقہ کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی اورمقامی لیڈران سے بھی تجاویز حاصل کیں۔اس موقعہ پر ممبر شپ فارم کی تفصیل بھی بتائی گئی اور ضلع میں سب سے زیادہ ڈیلی گیٹ اور ممبران پائے جانے پر مبارکباد پیش کی گئی ۔مقصود مرزااوردیپک راٹھور نے کانگریس لیڈران کو بتایا کہ پونچھ ضلع سے 35700ممبران بنائے گئے ہیں اور سب سے زیادہ حویلی حلقہ سے 19925ممبران بنے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے اور وہ اس کیلئے چوہدری غنی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔اپنے خطاب میں چوہدری عبدالغنی نے کہا کہ وہ ریاستی کانگریس کمیٹی اور پی سی سی کے احکامات کو ہر صورت میں پورا کرنے کی کوشش کریں گے اور کانگریس جماعت کو مضبوط بنانے کے لئے دن رات کام کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میں کانگریس کی مضبوطی کیلئے سبھی متحد ہوکر کام کررہے ہیں اور یقینا اس کے نتائج آنے والے انتخابات میں دکھیںگے ۔چوہدری غنی نے کہا کہ ان کے ساتھی دن رات محنت کرکے زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں اور کانگریس کی جانب سے کئے گئے کاموںاور عوام دوست پالیسیوں کو گھر گھر پہنچایاجارہاہے ۔ضلع صدر راجندر سنگھ کاکا اور سینئرلیڈر تاج میر نے بھی مہمانوں کا استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ سے کانگریس ورکروں میں نیا جذبہ پیدا ہوگا اور وہ نئی توانائی سے کام کریںگے اس دوران گلزار جٹ اورسید امیر حسین شاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔