سرینگر // وادی میں شدید گرمی کے بیچ بعد دوپہر کو موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور دیکھتے ہی دیکھتے مطلع ابرآلود ہوا اور شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیرمیں تیز ہوائوں کے ساتھ ساتھ بارشیں ہوئی ںجبکہ متعدد علاقوںمیں ژالہ باری سے میوہ باغا ت اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہ۔ متعدد علاقوں میں درجنوں مکانوں کے چھت اڑ جانے کے علاوہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ ہندوارہ، کپوارہ، سوپور اور پٹن کے علاوہ حاجی بل وانلو اور ٹنگمرگ میں شدید ژالہ باری سے ایک بار پھر میوہ باغات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔اس دوران سرینگر۔ بارہمولہ، شوپیاں اور پلوامہ میں بادل گرجنے کے ساتھ ہی اچانک سخت بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ دوپہر 4بجے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں قریب ایک گھنٹے تک آندھی چلی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔جنوبی کشمیر کے درجنوں علاقوں میں تیز آندھی کا سلسلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ تیز اندھی کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ گیا ہے جبکہ درجنوں علاقوں میں بجلی پول اور درخت اکھاڑ آئے جس کے نتیجے میں بجلی کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ادھر کرناہ اور کپوارہ کے متعدد علاقوں میں بھی شدید بارشیں اور ژالہ باری ہوئی ہے جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی کے کچھ ایک علاقوں میں آج بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 30.0ڈگری ، پہلگام میں 25.0ڈگری ،کپوارہ میں 31.7ڈگری ، کوکرناگ میں 28.7اور سیاحتی مقام گلمرگ میں 23.0ڈگری ریکاراڈ کیا گیا ہے ۔