سرینگر +گاندربل +کپوارہ//شہر سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں لگاتار چوتھے روز بھی شدید ژالہ باری سے میوہ باغات اور دھان کی پنیری اور سبزیوں میں تباہی مچ گئی۔سرینگر میں سہ پہر بعد ہلکی بارش شروع ہوئیں لیکن ساڑھے پانچ بجے کے بعد اس میں تیزی آئی ۔قریب 5بجکر 55منٹ پر شدید نوعیت کی ژالہ باری شروع ہوئی جو تقریباً دس منٹ تک جاری رہی۔سڑکوں پر اولے اس قدر جمع ہوئے جیسے برف پڑی ہو۔ بعد میں شہر میں تیز آندھی کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا اور بارشیں بھی ہوئیں۔ گاندربل میں بھی سہ پہر کو شدید ژالہ باری ہوئی۔ تحصیل واکورہ کے بوٹینہ،ززنہ،بادام پور، واسکورہ، گرہامہ، باروسہ ، کوند بل اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد شدید ژالہ باری ہوئی جو قریب 15منٹ تک جاری رہی۔ژالہ باری سے ناشپاتی، میوہ باغات ، دھان و سبزی کی پنیری تباہ ہوئی۔ گاندربل میں اس سے قبل بھی ژالہ باری ہوئی تھی۔بانڈی پورہ کے نائد کھے،شاہ گنڈ اور گنڈ جہانگیر، بون، اندر کوٹ، نوگام کے علاوہ شادی پورہ میں سہ پہر 4بجکر 20منٹ پر ژالہ باری ہوئی جس نے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچایا۔بعد میں تیز آندھی بھی چلی۔ کپوارہ میں جمعہ کوبعد دوپہر ہلکی بارشوں کے بعد گرج چمک کیساتھ ہی ژالہ باری شروع ہوئی جو 20منٹ تک جاری رہی۔ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ زمین پر سفید چار در بچھ گئی ۔ ژالہ باری جمعہ کو ہوئی جس سے درگمولہ ،متی پورہ ،اندر ہامہ ،ہندوارہ کے شہلال ،ماگام ،شوگ پورہ ،ہرل ،آڈورہ ،براری پورہ ماور ،باکی آکر اور دیگر علاقوں میں باغات اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ضلع کے لولاب اور کرالہ پورہ علاقوں کے ساتھ ساتھ ترہگام میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی ۔جمعہ کو رفیع آباد کے متعدد علاقوں میں ژالہ باری نے میوہ باغات کا مکمل طور پر تباہ کردیا۔وترگام کے یار بگ،راوچھہ،چٹوسہ،مانچھی پورہ، شیخ پورہ،چھجہامہ،بدن،سری پارہ، سوپور کے ہایہامہ،پنزی پورہ اور کرانکشون میں بھی جمعہ کو ژالہ باری ہوئی۔ادھرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی موسم جوں کا توں رہنے کا امکان ہے اوربیچ بیچ میں کہیں کہیں بارشیں اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے ۔محکمہ کے ڈپٹی ڈٖائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا 19اور 20مئی کو بارشوں کا ایک اور مرحلہ ہے اور یہ بارشیں جموں ، کٹھوعہ ،سانبہ ، اودھمپور ، ریاسی ، ڈوڈہ اور رام بن میں ہو سکتی ہیں جبکہ کشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے ۔