مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین اشفاق احمد کی قیادت میں محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں متعلقہ محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ سپلائی ،تحصیل سپلائی آفیسر ،دیگر ملازمین ،ڈیلر اور پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران متعلقہ محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے کہاکہ مینڈھر کے اکثر دیہات میں بی پی ایل زمرے کے مستحقین کے نام اچانک فہرستوں سے غائب ہوگئے ہیں جبکہ کئی ایک مقامات پر سرکاری ملازمین کے نام فہرست میں شامل کرلئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بی پی ایل زمرے کے مستحقین کے نام فہرست میں نہ ہونے کی وجہ سے غریبوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ فہرستوں کو جلداز جلد ٹھیک کیا جائے اور اہلیت کی بنیاد پر ہی لوگوں کو راشن فراہم کیا جائے ۔اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ سپلائی نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ایک ماہ کے اندر ہی فہرستوں کو ٹھیک کرلیا جائے گا ۔