محتشم احتشام
پونچھ//ضلع ٹریفک انچارج پونچھ منظور کوہلی نے ٹریفک عملے کے ساتھ ایک اہم اور جامع اجلاس منعقد کیا، جس میں ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے، عوامی سہولت کو یقینی بنانے اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے حوالے سے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کے دوران منظور کوہلی نے تمام افسران اور اہلکاروں کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل یونفارم میں رہیں اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے فرائض انجام دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ایک منظم اور باوقار ٹریفک نظام کے لیے عملے کا ڈسپلن نہایت ضروری ہے، جو عوام کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ان مقامات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا جہاں اکثر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف وقتی حل کے بجائے جام کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لے کر انہیں مستقل طور پر ختم کرنے کی حکمت عملی اپنائی جائے، تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی ٹی آئی نے بازاروں اور تجارتی مراکز میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تاجروں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ وہ اپنی دکانوں کے سامنے دو پہیہ گاڑیوں کی بے ہنگم پارکنگ سے گریز کریں، کیونکہ یہ عمل ٹریفک کی روانی میں بڑی رکاوٹ بنتا ہے۔غلط پارکنگ کے حوالے سے انہوں نے مرحلہ وار کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پہلے شہریوں کو مہذب انداز میں سمجھایا جائے، تاہم بار بار خلاف ورزی کی صورت میں سخت اقدام اٹھاتے ہوئے گاڑیوں کو کرین کے ذریعے ضبط کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر منظور کوہلی نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، شائستہ گفتگو کو اپنا شعار بنائیں اور ہر ممکن کوشش کریں کہ شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت میسر آئے۔انہوں نے کہا کہ ایک مؤثر ٹریفک نظام نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو بڑھاتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔