عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر میں تازہ برفباری کے بعد حکام نے جمعہ کے روز مرکز کے زیرِ انتظام خطے کے چھ اضلاع کے لیے شدید خطرے کی برفانی تودوں کی وارننگ جاری کی ہے۔حکام کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں 2300 میٹر سے زائد بلندی والے علاقوں میں شدید نوعیت کے برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔اسی طرح جموں خطے کے اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ، پونچھ اور رام بن کے علاوہ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں 2500میٹر سے زیادہ بلندی پر شدید خطرے کی سطح کے برفانی تودے آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور برفانی تودوں کے خطرے والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔