ڈگری کالج گرائونڈ خستہ حالی کاشکار

پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے گرائونڈکی خستہ حالت کی شکایت ملنے پر ممبراسمبلی حویلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے دورہ کرکے اس کا معائنہ کیا ۔یہ ایسا گرائونڈ ہے جس میںپونچھ میں ہونے والے تمام بڑے ٹورنامنٹ کھیلے جاتے ہیں تاہم یہ انتظامیہ کی عدم توجہی سے برباد ہو رہا ہے۔خصوصی طور پر بارشوں کے دوران یہ گرائونڈ  تالاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے اورپھر موسم خشک ہونے کے بعد بھی کئی کئی روز تک وہاں کھیل کود کی سرگرمیاں ٹھپ رہتی ہیں۔گرائونڈ کے ایک حصہ پر چونکہ کالج انتظامیہ کی جانب سے آڈیٹوریم کی تعمیرہو رہی ہے اس وجہ سے گرائونڈ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کھلاڑیوں کے ایک وفد نے پرویز احمد آفریدی کی قیادت میں ممبر اسمبلی پو نچھ شاہ محمد تانترے کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا جس پرموصوف نے خود گرائونڈ کا دورہ کر کے وہاں کا جائزہ لیا۔ اس دوران ان کے ہمراہ پرنسپل گورنمنٹ ڈگر کالج پونچھ سید مسرف حسین شاہ، یوتھ ضلع صدر پی ڈی پی تنویر احمد ڈار اور دیگر پارٹی کارکنان بھی تھے ۔ گرائونڈ کا جائزہ لینے کے بعد موصوف نے پرنسپل ڈگری کالج پونچھ کو ہدایت دی کہ وہ گرائونڈ کی مرمت کروائیں اور تعمیراتی کام کے دوران گرائونڈ کو مزید نقصان نہ پہنچنے دیں۔انہوں نے کہا کہ گرائونڈ کی مرمت کے سلسلہ میں وہ کالج انتظایہ کو پورا تعان دیں گے۔