نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران بے لوث اور قربانی کے جذبے سے قوم کی خدمت کے فرائض انجام دینے پر ملک کی 130 کروڑ آبادی کی جانب سے ڈاکٹر طبقے کا شکریہ ادا کیا ۔ نریندر مودی جمعرات کے روز ڈاکٹرز ڈے کے موقع پر انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ "ڈاکٹروں کو بھگوان کی ایک شکل بتایاجاتا ہے ، تو انہیں یونہی نہیں کہا جاتا۔ وزیر اعظم نے کورونا وائرس کی عالمی وباء سے لڑتے ہوئے انسانیت کی خدمت میں اپنی جانیں نچھاور کرنے والے ڈاکٹروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے اپنے تجربے اور مہارت کی طاقت پر کورونا کے چیلنجوں کا حل تلاش کیا ہے ۔ جانوں کا ضیاع افسوس کی بات ہے لیکن بہت سی زندگیاں بچ گئی ہیں اور اس کا سہرا ڈاکٹروں، ہیلتھ ورکرس اور فرنٹ لائن ورکرس کی سخت محنت کو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ "آج جب ملک کورونا کے ساتھ اتنی بڑی جنگ لڑ رہا ہے ، تب ڈاکٹروں نے دن رات محنت کرکے لاکھوں جانیں بچائیں۔ یہ نیک کام کرتے ہوئے ملک کے بہت سارے ڈاکٹروں نے اپنی جان بھی قربان کردی۔ میں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں"۔