جموں//بھیڑ و پشو پالن ، ماہی پروری اور ٹرانسپور ٹ کی پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کے دوران محکمانہ کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا۔ڈاکٹر سامون نے ان محکموں میں تعمیر و تجدید کے اِلتوا میں پڑے اور جاری پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلات طلب کیں۔ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری نے انہیں بتایا کہ لور کوٹ اور ٹھاٹھری میں 66لاکھ روپے کی لاگت سے شیپ شیڈ کی تعمیر کا کام التوا میںپڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 22لاکھ روپے کی واگذاری کے باوجود عمل آوری ایجنسی نے ابھی تک کام شروع نہیں کیا ہے ۔انہوں نے چننی ، ریاسی اور بلاور میں49.1 ، 1.77 کروڑ روپے اور 21.41 لاکھ روپے کی لاگت سے بالترتیب ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی تعمیرکے بارے میں بتایا۔ اینمل ہسبنڈری محکمہ کے اعلیٰ حکام نے پرنسپل سیکرٹری کو بتایا کہ کٹرہ میں ویٹرنری ہسپتال کی تعمیر کے لئے 41.30 لاکھ روپے واگذار کئے گئے ہیں تاہم باقی ماندہ کام کی تکمیل کے لئے مزید 26لاکھ روپے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے پروجیکٹوں کی سست رفتار ی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عمل آوری ایجنسیوں پر 2فیصد جرمانہ لگانے کا فیصلہ لیا۔ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے محکمہ کے فیلڈ عملے سے لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں سنجیو کمار ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر ڈاکٹر ایم وائی چاپرو اور دیگر کئی افسران موجود تھے۔