کٹھوعہ //کٹھوعہ انتظامیہ نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے اشتراک سے ہیرا نگر کے سرحدی علاقے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نشاندہی شدہ مستحقین میں مفت ڈی ڈی ڈِش سیٹ ٹاپ بکس تقسیم کئے گئے ۔اِس موقعہ پر کٹھوعہ ، سانبہ اور جموں سے تعلق رکھنے والے مستحقین میں کل 90سیٹ ٹاپ بکس تقسیم کئے گئے ۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ جن کے پاس شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت ،پرسنل پبلک گریوینس اور پنشنز ، محکمہ اٹامک انرجی ، محکمہ سپیس کا چارج بھی ہیں ،اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجو د تھے جبکہ گورنر کے مشیر کے کے شرما مہمان ذِی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ڈی سی کٹھوعہ وِکاس کنڈل اور کئی دیگر افسران بھی تقریب پر موجود تھے۔یہ تقریب صبح 11بجے وزیر اعظم کے ریڈیو پروگرام’’ من کی بات‘‘ کے ساتھ ہی شروع ہوئی ۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ ان سیٹ ٹاپ بکسز کے ذریعے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو قابلِ اعتبار جانکاری فراہم ہوگی اور اس اقدام کی بدولت ہمسایہ ملک کے پروپیگنڈے کا مؤثر طریقے پر مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔اس کے علاوہ دُور درشن کی ٹریشل ٹی وی کوریج کو بھی وسعت ملے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سرحدی علاقو ں کے کئی دیگر معاملات کو بھی پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا گیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے لوگوں کو ایل او سی کے نزدیک رہنے والے لوگوں کی طرز پر تین فیصد ریزرویشن دینا مرکزی حکومت کا ایک تاریخی قدم ہے ۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ سرحدی علاقوںمیں ٹیلی کام رابطے اور نشریات کے سیکٹر کو مستحکم کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ڈوگری خبروں کا بلیٹن اب سیٹلائیٹ چینلوں پر دستیاب ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ اس قدم سے ڈوگری زبان دنیا بھر میں لوگوں تک پہنچے گی اور جموں وکشمیر کے مجموعی ثقافتی منظر نامے کو دوام حاصل ہوگا۔گورنر کے مشیر کے کے شرما نے اپنے خطبے میں کہا کہ ٹیلی کام اور ٹیلی ویژن نہ صرف لوگوں کو تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ یہ جانکاری کے بھی اہم ذرائع ہیں اور وقت کی ضرورت ہے کہ سرحدی علاقوں کے رابطہ نظام کو مستحکم کیا جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ کئی چینل تعلیمی پروگرام نشر کرتے ہیں جن سے سرحدی علاقو ں کے طلاب کو فائدہ ملے گا۔مشیر موصوف نے کہا کہ گورنر انتظامیہ لوگوں بالخصوص سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو ہر طرح کے بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں معقول رقومات مختص کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سکیموں کے فوائد بنیادی سطح پر پہنچانے کی طرف گورنر اِنتظامیہ خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اِن سکیموں کی بروقت عمل آوری کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ممبر پارلیمنٹ جگل کشور نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا اور کہا کہ ڈی ڈی فری ڈِش سیٹ ٹاپ بکس لوگوں میں تقسیم کرنا ایک تاریخی قدم ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔وزیر اعظم کے من کی بات پروگرام میں پانی کو تحفظ دینے سے متعلق پیغام کا ذکر کرتے ہوئے جگل کشور نے کہا کہ مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کو دُور کرنے کے لئے اسے صحیح طریقے پر بچانا ضروری ہے ۔صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے اپنے خطبے میں کہا کہ جموں خطے کے تمام سرحدی علاقوںمیں 15000 سیٹ ٹاپ بکس تقسیم کئے جائیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ بکس مفت تقسیم کئے جائیں گے جس کی بدولت سرحدی علاقو ں کے مستحقین کو مفت میں 100چینل دیکھنے کو ملیں گی۔اس موقعہ پر محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے فنکاروں نے ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جس کی وہاں موجود لوگوں نے کافی سراہنا کی ۔ اس موقعہ پر وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتند ر سنگھ نے شہید رائفل مین جگی کی بیوہ کو تعیناتی سے متعلق آڈر بھی سونپا۔