بانہال // بانہال کے دور افتادہ علاقہ ترگام میں قائم پرائمری ہیلتھ سینٹر میں دو میں سے کوئی بھی ڈاکٹر تعینات نہ ہونے کے خلاف پیر کے روز لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور محکمہ صحت بلاک اْکڑال کے خلاف نعرے بلند کئے۔ علاقہ ترگام تحصیل کھڑی کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سینٹر ترگام میں دو ڈاکٹروں سمیت پانچ افراد کو مبینہ طور پر دوسرے طبیِ اداروں میں اٹیچ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاؤہ کے مریضوں کو چارپائی پر اٹھا کر کھڑی اور بانہال کے ہسپتال پہنچانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح ایک خاتون ذیبا بیگم زوجہ جمال الدین پاچھو ساکنہ ترگام اچانک چکر آنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئیں لیکن ترگام ہسپتال میں کوئی بھی ڈاکٹر اور طبی عملہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے اسے چارپائی پر پہلے کھڑی ہسپتال اور بعد میں بانہال ہسپتال پہنچانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ PHC ترگام کے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے ساتھ ساتھ ہسپتال کی ایمبولینس گاڑی بھی کسی اور ہسپتال میں بھیجی گئی ہے جس کی وجہ سے کئی پنچایتوں پر مشتمل ترگام کے ایک درجن کے قریب دیہات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔