محتشم احتشام
پونچھ//ضلع انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ڈی آئی ای ٹی) پونچھ کی جانب سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ان کی جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے مقصد سے دو اہم تربیتی پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے۔ ان پروگراموں میں ضلع پونچھ کے مختلف تعلیمی زونز سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد اساتذہ اور ماسٹروں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔پہلا تربیتی پروگرام ’یوگا فار فزیکل ہیلتھ اینڈ مینٹل ویل بینگ‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس کا مقصد اساتذہ کو جسمانی صحت، ذہنی سکون اور متوازن طرزِ زندگی کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا۔ یہ پروگرام ہفتہ کے روز اختتام پذیر ہوا جبکہ دوسرا پانچ روزہ تربیتی پروگرام ’پرسنالٹی ڈیولپمنٹ آف ٹیچرز‘کے عنوان سے منعقد ہوا جس کا آج باضابطہ اختتام عمل میں آیا۔ان دونوں تربیتی پروگراموں کا انعقاد چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ مختار احمد منہاس کی مجموعی نگرانی اور رہنمائی میں کیا گیا، جو بیک وقت پرنسپل ڈی آئی ای ٹی پونچھ کی اضافی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔یوگا سے متعلق تربیتی پروگرام کی نگرانی لیکچرر نصیر احمد سودھن نے کی، جبکہ اساتذہ کی شخصیت سازی سے متعلق پروگرام کے کوآرڈینیٹر سینئر لیکچرر الطاف احمد تھے۔اس دوران نذر علی نقوی اور دیوجوت سنگھ نے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ دونوں پروگراموں کی مجموعی تعلیمی نگرانی اکیڈمک کوآرڈینیٹر اور ایچ او ڈی ڈی آئی ای ٹی پونچھ امتیاز احمد بانڈے نے کی، جنہوں نے تربیتی سرگرمیوں کے مؤثر اور منظم انعقاد کو یقینی بنایا۔تربیت کے دوران اساتذہ نے مختلف سیشنز، مباحثوں اور عملی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ان سیشنز میں ابلاغی مہارتوں میں بہتری، خود اعتمادی کی تعمیر، ذہنی دباؤ کے مؤثر انتظام، صحت مند طرزِ زندگی اور تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانے جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اختتامی تقریب کے دوران امتیاز احمد بانڈے نے شرکاء سے تربیتی پروگراموں کے بارے میں تاثرات حاصل کیے۔اساتذہ نے پروگراموں کو نہایت مفید اور منظم قرار دیتے ہوئے ڈی آئی ای ٹی پونچھ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان تربیتوں سے حاصل ہونے والے تجربات اور عملی رہنمائی کو کلاس روم میں بروئے کار لا کر تدریسی عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔تقریب کے اختتام پر تمام شریک اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ مختلف ریسورس پرسنز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اسناد سے نوازا گیا۔میڈیا نمائندگان کو بھی تربیتی پروگراموں کی مسلسل کوریج پر اعزازی اسناد پیش کی گئیں۔پروگرام کے اختتام پر ایچ او ڈی ڈی آئی ای ٹی سجاد حسین شاہ نے شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے تمام منتظمین، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔