پونچھ //چیمبرس آف کامرس جموںکی جانب سے اٹھارہ ستمبر کو دی گئی بند کال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نامی تنظیم کے چیئرمین عظیم علی شاہ نے کہاکہ انسانیت کے ناطے برمی مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیاجاناچاہئے ۔انہوں نے کہا کہ چیمبرس آف کامرس کی جانب سے کئے گئے دیگر تمام مطالبات کی وہ تائید کرتے ہیں لیکن وہ اس حق میں بالکل نہیں کہ برما کے پناہ گزیں مسلمانوں کو یہاں سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روہنگیا مسلمانوں پر بہت بڑی آفت آن پڑی ہے ،انہیں قتل کیا جا رہا ہے، ان کی خواتین کی بے حرمتی کر کے انہیںتڑپا تڑپا کر مارا جا رہا ہے، معصوم بچوں کو پیروں تلے کچلا جا رہا ہے اس لئے تمام اہل دل انسانوں کو برما کے مسلمانوں کی مدد کرنی چاہئے نہ کہ ان کے خلاف اس طرح کے بیان دینے چاہئے۔انہوں نے ریاست کی تمام سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ برما کے مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی پر دبائوبنائیں تاکہ وہ اس مسئلے کو عالمی سطح پراٹھائیں۔