جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ریاستی محکموں کے کام کاج میں بہتری لانے اور اہداف کو حاصل کرنے کے لئے دیانتدار اور قابل افرادی قوت کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے ۔اُنہوں نے مختلف انتظامی محکموں کے نوڈل افسران کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ہلال احمد پرے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ انسانی وسائل کے فروغ کے لئے سرکار نے ملازمین کی صلاحیت سازی بڑھانے کے لئے منصوبے تشکیل دئیے ہیں جن کی بدولت بہتر حکومت سازی کی گورنر انتظامیہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے ہر ایک محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہرایک محکمہ کو اپنا ایک مشن سٹیٹمنٹ تشکیل دے کر ہر ایک اہلکار کے لئے الگ الگ ذمہ داری سونپنی چاہئے تاکہ مختلف سطحوں پر کام کاج میں بہتری لائی جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ محکموں کے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے ہر ایک محکمہ کو فوری طور گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ ملازمین کے سینیارٹی لسٹ تیار کرنے ، ریکروٹمنٹ قوانین کا موجودہ ضروریات کے مطابق جائزہ لینے اور محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں کی میٹنگوں کا جلد سے جلد انعقاد کرنا چاہیے ۔اُنہوں نے کہاکہ وہ اس بات پر کافی حیرت زدہ ہے کہ ایک محکمہ نے گذشتہ چالیس برسوں میں ایک بھی دفعہ ڈی پی سی کا انعقاد نہیں کیا ہے۔اُنہوں نے مختلف محکموں کو 2؍ دسمبر تک محکموں کی تشکیل نو اور ڈی پی سیز کے انعقاد کے حوالے سے رِپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔