مرکزی سرکار آٹھ ریاستوں میں خصوصی ڈیساسٹر منیجمنٹ پروجیکٹ شروع کرے گی : سیکرٹری این ڈی ایم اے
جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے جموں کشمیر میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے صد فیصد مرکزی رقومات طلب کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں اے ڈی بی قرضے اور ورلڈ بنک کے معاونت والے پروجیکٹوں کیلئے سو فیصد رقومات فراہم کر رہی ہے اور اس عمل کو ڈیساسٹر منیجمنٹ تک وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے ان باتوں کا اظہار آج نیشنل ڈیساسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری آر کے جین کی طرف سے منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقعہ پر این ڈی ایم اے کے سیکرٹری نے جموں کشمیر سمیت آٹھ ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ڈیساسٹر منیجمنٹ کے پروجیکٹوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ سیکرٹری موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت زلزلہ خطرات والی آٹھ ریاستوں میں ایک پروجیکٹ شروع کر رہی ہے جس کے ذریعے سے زلزلوں کی صورت میں مال و جان کو ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کیلئے حکمتِ عملی تیار کی جائے گی ۔ بی بی ویاس نے سیکرٹری این ڈی ایم اے سے کہا کہ جموں کشمیر ناگہانی آفات سے نمٹنے اور دیگر شعبوں میں ایم ڈی ایم اے کی جدید ٹیکنالوجی اور مشاورت حاصل کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں منفرد جغرافیائی اور موسمی حالات پائے جاتے ہیں اور یہاں کی آبادی کا ایک بڑا حصہ زلزلے کے خطرے والے پانچویں زون میں رہایش پذیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست کو زلزلوں سیلابوں اور دیگر ناگہانی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ سیف سیکرٹری نے ریاست میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات اور پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری سامنے رکھی ۔ میٹنگ کے دوران شرکاء نے ایک ایسی جامع حکمتِ عملی وضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کی بدولت تیاری کے اقدامات میں بہتری لائی جا سکے اور ناگہانی آفات کے دوران لوگوں کو کم سے کم نقصانات سے دو چار ہونا پڑے ۔ اس موقعہ پر ریاستوں نے مرکزی حکومت سے ڈیساسٹر منیجمنٹ کیلئے مزید فراخدلانہ امداد کا بھی مطالبہ کیا ۔