چیر کوٹ (لولاب)//سرحدی ضلع کپوارہ میں گرفتاریو ں کا چکر جاری ہے ۔فورسز ،فوج اور سپیشل آپریشن گروپ نے کرالہ گنڈ اور ترچھ ہندوارہ کے بعد چیر کو ٹ لولاب کی بستی کو منگل کی علی الصبح کو محاصرے لیکر گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کی جس کے دوران متعدد نو جوانو ں کو گرفتار کیا گیا ۔مقامی لوگو ں نے الزام لگایا کہ تلاشی کاروائی کے دوران فورسز نے لوگو ں کو ہرا ساں کیا گیا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح کو فورسز نے چیر کو ٹ کی بستی کو گھیرے میں لیکر کریک ڈائون کر کے نو جوانو ں کی گرفتاری عمل میں لائی ۔واضح رہے کہ کپوارہ ضلع میں فورسز نے گزشتہ مہینے سے سنگبازی اور امن و امان میں راخنہ ڈالنے کے الزام میں گرفتاریو ں کا عمل شروع کیا ہے لیکن گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران فورسز نے اپنی کاروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے درجنوں افراد کو گرفتار کیا اور انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔گرفتاریو ں کے خلاف چیر کو ٹ میں مرد و زن اپنے گھروں سے باہر آئے اور زور دار احتجاج کیا جس کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے ۔مظاہرین نے فورسز پر پتھرائو کیا جس کے بعد مظاہرین کو منتشر کر نے کے لئے ٹئیر گیس اور پلٹ گن چلائے جس کے نتیجے میں کئی خواتین سمیت نصف درجن لوگ زخمی ہوئے ۔ بی ایم او کپوارہ نے ایک زخمی خاتون کو اسپتال میں علاج و معالجہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون پتھرائو میں زخمی ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں بتا یا کہ چیر کو ٹ میں کوئی گرفتا ری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی وہاں ٹیر گیس شیلنگ ہوئی تاہم لوگوں نے فورسز پر پتھراو کیا اور پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔