چنڈک تا منڈی بڈھا امرناتھ سڑک پر تار کول بچھانے کا عمل شروع

پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کو جانے والی سڑک کی توسیع کا کام جو کہ عرصہ دراز سے جاری تھا رقومات کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے نہایت سست روی کا شکارگیا تھا ۔چنڈک تا بڈھا امرناتھ کے درمیان تقریبا11 کلومیٹر سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے اس سڑک پر گاڑیوں پر سفر کرنے اور پیدل سفر کرنے والے مسافروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔حال ہی میںڈویژل کمشنر جموںنے پونچھ کا دورہ کیا تو ان کے سامنے اس سڑک کا مسئلہ رکھا گیا جس کے بعد انھوں نے فوری طور پر ضلع ترقیاتی کمشنر کو لیگویشن اسکیم کی رقومات سے اس سڑک پر تارکول بچھانے کی ہدایت کی تھی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ہدایت پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے اس سڑک پر تارکول بچھانے کا کام شروع کرنے کا حکم صادر کیا جس کے بعد کام شدومد سے جاری ہے اور اگست تک چنڈک سے بڈھا امرناتھ تک سڑک کو مکمل کئے جانے کی اُمید ہے۔اس سڑک کی تعمیر کا کامCRF سے کیا جا رہا تھا اب اسے لینگویشن سکیم کے تحت انجام دیا جا رہا ہے ۔اب جب اس سڑک پر میکڈم ڈالا جارہا ہے تو لوگ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور ڈویژنل کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔سڑک کو میکڈمائز کرنے والی تعمیراتی کمپنی کے مالک محمد رفیق چستی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک کا بیشتر کام مکمل کیا گیا اور بقایا تعمیرات کو مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈون کی وجہ سے جو بیرونی مزدور بے روزگار ہو گئے تھے انہوں نے اس کام پر ان کو لگایا ہے تاکہ ان کو روزگار فراہم ہو اور سڑک کی تعمیرات بھی معیاری طریقہ سے انجام پا سکیں۔