نظریاتی تربیت اور عوامی رسائی پر تبادلہ خیال
عظمیٰ نیوز سروس
چندی گڑھ//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئررہنماؤں نے ’پنڈت دین دیال اْپادھیائے پرشکشن مہابھیان’’2026‘‘کے تحت منعقدہ نارتھ زون ورکشاپ میں شرکت کی، جس میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین نے بھی فعال انداز میں حصہ لیا۔ اس ورکشاپ میں مختلف ریاستوں کی بی جے پی قیادت کے علاوہ پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری اور جموں و کشمیر بی جے پی کے انچارج ترون چگ اور جموں و کشمیر بی جے پی صدر و راجیہ سبھا رکن ست شرما سمیت دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا، نظریاتی وضاحت کو فروغ دینا اور پارٹی پروگراموں کو نچلی سطح تک مؤثر انداز میں نافذ کرنا تھا۔ اس دوران کارکنان کی تربیت، بوتھ سطح کے انتظام، عوامی رابطہ مہمات اور آئندہ پروگراموں کی منظم حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اپنے خطاب میں ترون چگ نے کہا کہ پرشکشن مہابھیان محض ایک تربیتی عمل نہیں بلکہ پارٹی میں نظم و ضبط، لگن اور نظریاتی وابستگی کو مزید مستحکم کرنے کا مشن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بی جے پی کی اصل طاقت اس کے تربیت یافتہ اور نظریاتی طور پر مضبوط کارکنان ہیں، جو عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ پارٹی کی پالیسیوں کو سماج کے آخری فرد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ست شرما نے شرکاء کو پارٹی کے بنیادی اصولوں اور ’انٹیگرل ہیومنزم‘ کے نظریے کو عوامی سطح تک لے جانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی کیمپ تنظیم میں نئی توانائی، سمت اور قوت پیدا کرے گا اور جموں و کشمیر میں آئندہ پروگراموں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا۔