عظمیٰ نیوزسروس
جموں//منگل کے روز جموں و کشمیر کے چندرکوٹ علاقے میں کمال اکیڈمی کے قریب پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک بچے سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ڈی ایل 14سی جے-5856 نمبر کی ایک کار نامعلوم وجوہات کے تحت حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں چار بالغ افراد اور ایک بچہ معمولی طور پر زخمی ہوئے۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
گندوہ جائی سڑک حادثہ میں 3افراد زخمی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بھلیسہ میں گندوہ جائی سڑک پر پیر کو دیر شام پیش آئے حادثہ میں 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق آج شام 8بجے کے قریب ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ میں جائی سڑک پر راجپورہ کے نزدیک ایک ایکو گاڑی زیر نمبری JK06A-6604ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے نیچے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی شناخت محمد اسلم ولد محمد حسین، عالم شیر ولد محمد حسین و محمد حسین ولد الہ دتہ ساکنہ لڈو کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد عالم شیر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو افراد گندوہ میں ہی زیر علاج ہیں جہاں پر ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔