پونچھ//گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کی طالبات نے حال ہی میں ہوئے طلباء کے چنائو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ لڑکیوں کے ساتھ بھید بھائو نہ کیاجائے ۔انہوںنے کالج انتظامیہ پر الزام عائد کیاکہ طالبات کے ساتھ سوتیلا سلوک کیاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ کالج یونین صدر بننے کیلئے ایک لڑکی نے بھی اپنا نام درج کرایالیکن اسے یہ کہاگیاکہ لڑکی صدر نہیں بن سکتی جو بھید بھائو اور ناانصافی ہے ۔احتجاجی مظاہرے میں شامل طالبات نے کہاکہ حکومت بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤجیسی مہم چلا رہی ہے مگر پونچھ میں کالج انتظامیہ اس مہم کے خلاف لڑکیوں کو دبا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کی وزیر اعلیٰ ایک خاتون ہو سکتی ہیں تو کالج صدر بننے میں کیا قباحت ہے۔ انہوں نے کالج پرنسپل پر الزام لگایا کہ انہی کی لاپرواہی سے ایساہواہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر کالج میں دوبارہ چنائو نہ ہواتو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگی ۔اس دوران کالج کے پرنسپل نے طالبات کو یقین دلایاکہ وہ اس معاملے کو حل کریںگے ۔