پی ڈی پی لیڈر قوم دشمن نہیں

سرنکوٹ//مغل شاہراہ ، باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کو خطہ پیر پنچال کی ترقی کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے پی ڈی پی کے سینئر لیڈر و وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج عبدالحق خان نے کہاکہ مغل روڈڈ خواب میں نہیں بلکہ دن کی روشنی میں تعمیر ہوا ہے ۔سرنکوٹ میں پی ڈی پی کارکنا ن کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحق خان نے نیشنل کانفرنس کانام لئے بغیر کہاکہ کہتے ہیں کہ اس روڈ کا خواب دیکھاتھا،شائد خواب میں ہی سڑک بن گئی ،ایسا نہیں بلکہ یہ سڑک دن میں بنائی گئی اور اس کی بدولت راجوری پونچھ کے کشمیر کے ساتھ رشتے استوار ہوئے ۔ان کاکہناتھا’’سیکورٹی کلیئرنس نہیں تھی ،دس چیزیں اور بھی تھیں ،اس کیلئے مفتی صاحب کو دہلی جاناپڑا،جب کوئی پوچھے گاتو کہتے ہیں خواب دیکھاتھا،مغل روڈ خواب میں نہیں بلکہ دن کی روشنی میںمفتی مرحوم نے تعمیر کرایا‘‘۔انہوںنے مزید کہاکہ خطہ پیر پنچال میں میڈیکل کالج اور  بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کا قیام ،جس میںکشمیر سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی آکر داخلہ لیتے ہیں،ایک بہت بڑی کامیابی ہے ۔