پی ڈی پی اب کچرے سے آزاد: محبوبہ مفتی

سرینگر/پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے سوموار کو نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اُن کی پارٹی میں شمولیت اختیارکریں کیونکہ بقول اُن کے اب ان کی پارٹی کچرے سے صاف ہوچکی ہے۔

محبوبہ مفتی نے اپنے مرحوم والد مفتی محمد سعید کی تیسری برسی کے سلسلے میں بجبہارہ میں منعقدہ ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا''میں اُن لکھے پڑھے نوجوانوں، جو مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، کو پی ڈی پی میں شمولیت کی دعوت دیتی ہوں''۔

 انہوں نے پی ڈی پی سے حالیہ دنوں مستعفی ہونے والوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا''اب تو پارٹی سے سارا کچرا صاف ہوگیا ہے''۔

انہوں نے نوجوانون سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا'' ریاست کو مصائب سے نکالنے میں میری مدد کیجئے''۔

پلوامہ ضلع میں ایک جاں بحق جنگجو کے گھر جانے کا دفاع کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ اُس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ جنگجوئوں کے اہل خانہ کو تنگ نہیں کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا''ایک لڑکی کو ہراساں کیا جانا عزت و آبرو کی بات تھی۔ میں نے سوچا کہ اُن کے گھر جاکر حکومت تک یہ پیغام پہنچائوں کہ جنگجوئوں کے ساتھ لڑائی کے دوران ہمیں اُن کے گھروالوں کو ہراساں نہیں کرنا چاہئے''۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے محبوبہ کے جنگجوئوں کے گھر جانے کی مخالفت کرتے ہوئے اُنہیں ''آپریشن آل آئوٹ کا خالق'' قرار دیا تھا۔