پی اے سی میٹنگ منعقد

 سرینگر//ریاستی قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی ایک میٹنگ ایم ایل اے محمد اکبر لون کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر حکومت کو سفارشات دی گئیں کہ ریاست میں حال ہی میں اَپ گریڈ کئے گئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کو جلد از جلد چالو کیا جائے۔ارکان اسمبلی شمیم فردوس ، اعجاز احمد خان، عبدالرشید ڈار ، پون کمار گپتا، محمد یوسف بٹ اور مشتاق احمد شاہ نے میٹنگ میں شرکت کرکے محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کا م کاج میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔پنل نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ طبی اداروں میں مختلف اسامیاں وجود میں لانے کے منصوبے کی پرزور وکالت کریں۔میٹنگ میں محکمہ صحت سے متعلق سی اے جی آڈِٹ رِپورٹ کے آڈٹ پیراز پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ اس دوران اننت ناگ میں 300بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کرنے کے حوالے سے منصوبہ مرتب کرنے پر 21.55لاکھ روپے کا خرچہ کرنے جیسے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنل نے ڈائریکٹر فائنانس کی سربراہی میں ایک محکمانہ کمیٹی تشکیل دی جو اگلی میٹنگ تک اپنا رپورٹ پیش کرے گی۔میٹنگ میں اکاﺅنٹنٹ جنرل (آڈِٹ) ایچ عباس ، ڈائریکٹر جنرل اکاﺅنٹنٹ اینڈٹریجریز کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجو دتھے۔