سوپور// شمالی کشمیر کے پیٹھ سیرسوپور گائوں میں12گھنٹے تک خونریز معرکہ آرائی کے دوران شوپیان اور کپوارہ کے 3 جنگجو جاں بحق ہوئے ۔ تصادم آرائی میں ایک مکان تباہ ہوا۔اس دوران انتظامیہ نے سوپور میں انٹرنیٹ سروس اور ریل خدمات معطل کردی۔گذشتہ 4روز میں 8جنگجو مارے جاچکے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ 23اگست شام6 بجے 52 آر آر،179,177 سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے پیٹھ سیر کے آستان پورہ بستی کا محاصرہ کیا جہاں پولیس کو اس بات کی مصدقہ طور پر اطلاع ملی تھی کہ یہاں 3جنگجوئوں موجود ہیں۔ شام دیر تک صرف بستی کا محاصرہ رکھا گیا اور بستی کے داخلی و خارجی راستے بند کئے گئے نیز روشنی کا انتظام کیا گیا ۔فورسز نے تلاشی آپریشن سے قبل انہیں ہتھیار ڈالنے کا موقع دیا ، تاہم ، اس کے بجائے انہوں نے مشترکہ تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد رات کے 12بجے فائرنگ شروع ہوئی جو منگل کی صبح 12بجے تک جاری رہی۔ شبانہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد آپریشن معطل کیا گیا لیکن فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا۔ صبح کے وقت انہیں ہتھیار ڈالنے کا ایک اور موقعہ دیا گیا لیکن اسکا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔تین جنگجو محمد اشرف ڈار کے مکان میں موجود تھے جسے بارودی مواد اور مارٹر شلنگ سے تباہ کیا گیا اور ملبے سے 3جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔ ان کی شناخت فیصل فیاض ولد فیاض احمدٹھوکر ساکن کپرن شوپیان ، رمیز احمد گنائی ولد ابوالمجید گنائی ساکن زیپور دھرمتی شوپیان اورغلام مصطفی شیخ ولد عبدالاحد شیخ ساکن ٹکی پورہ لولاب کپوارہ کے طور پر ہوئی ہے جن کا تعلق ٹی آر ایف سے تھا۔فیصل فیاض کاپرن شوپیان 21جون 2021کو لاپتہ ہوا تھا۔رمیز احمد زیپورہ شوپیان 24اپریل کو جنگجوئوں کی صٖ میں شامل ہوگیا تھا جبکہ غلام مصطفی ٹکی پورہ لولاب نے24اپریل کو ہتھیار اٹھائے تھے۔مہلوک جنگجو اس گروہ کا حصہ تھے جو دہشت گردی کے کئی مقدمات میں ملوث تھے جن میں سیکورٹی اداروں پر حملے اور شہری مظالم شامل ہیں۔تصادم کے مقام سے ایک رائفل،2 پستول سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ تمام برآمد شدہ مواد کو مزید تفتیش اور دہشت گردی کے دیگر جرائم میں ان کی شراکت کی تحقیقات کے لیے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اس دوران انتظامیہ نے علاقے میں امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سوپور میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کر دیں جبکہ بارہمولہ اور بڈگام کے درمیان ٹرین سروس بھی ’’احتیاطاً ‘‘معطل کر دی۔
زینہ کدل میں فورسز پر گرینیڈ حملہ
سرینگر //مشتبہ جنگجوئوں نے پائین شہر میں فورسز بنکر پر گرینیڈ پھینکا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔یہ واقعہ شام دیر گئے مجاہد منزل کے قریب اسلام یار بل زینہ کدل میں پیش آیا۔ مشتبہ جنگجوئوں نے سی آر پی ایف 23بٹالین کے بنکر پر گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔