سرینگر //نور باغ غوثیہ کالونی سوپور کے مکینوں نے جل شکتی محکمہ پر الزم عائد کیا ہے کہ کالونی کے 200گھرانوں کو گرمیوں کے اس موسم میں پینے کے پانی کی سخت قلت کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں لوگ سخت پریشان ہیں ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نور باغ غوثیہ کالونی میں رہائش پذیر لوگ بند بوتل پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔قطب عالم نامی ایک شہری نے بتایا کہ انہوں نے کئی بار اس تعلق سے محکمہ کے عہدیداران سے بات کی لیکن انہیں ہر بار نظر انداز کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ کالونی میں ہر جگہ پائپ لائن کئی مقامات پر ٹوٹ گئی ہے جن کی مرمت کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ محکمہ کے ملازم پائپ لائن کی مرمت بھی نہیں کرتے ۔ایگزیکٹو انجینئر سوپور غلام رسول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لوگوں کو بھی تعاون کرنا چاہئے کیونکہ وہ موٹراستعمال میں لاکر دوسرے لوگوں کو پریشان کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ناجائز استعمال سے پانی کی سپلائی میں مشکلات پیش آتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں بھی پانی کی کمی ہے وہاں محکمہ پانی فراہم کرنے کیلئے ٹینکروں کا استعمال کر رہا ہے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ محکمہ نے ابھی تک کئی علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کئی موٹر اور دیگر آلات کو ضبط کیا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ٹینکیاں رکھیں اور ضرورت کے مطابق پانی استعمال کریں۔
زڈورہ پلوامہ میںجل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج
سرینگر//زڈورہ پلوامہ میںلوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پینے کے پانی کی سخت قلت ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی دنوں سے وہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے باعث لوگوں میں تشویش لی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پانی کی ایک ایک بوندکیلئے ترس رہے ہیں۔ لوگوں نے جمعرات کوسڑکوں پر نکل کر جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاج کررہی خواتین کا کہنا ہے کہ انہیںپینے کے پانی کی سخت قلت کا سامنا ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقے میں پینے کا پانی فراہم کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔