شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان کے کئی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی سخت قلت ہے جس کی وجہ سے آئے روز ضلع کے کسی نہ کسی علاقے سے لوگ سڑکوں پرآکر احتجاج کررہے ہیں۔ضلع کے ویہل علاقے کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ شوپیان اور جل شکتی محکمہ کے خلاف سنیچر کوزبردست احتجاج کیا اور گھنٹوں تک شوپیان کولگام سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت مسدود کرکے رکھ دی۔احتجاجی مظاہرین میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں۔انہوں نے سڑک کے بیچوں بیچ خالی برتن رکھ دئے تھے۔مظاہرین نے بتایا کہ 8سال قبل علاقے میں ایک پائپ لائن بچھائی گئی اور لوگ مسلسل فیس بھی ادا کررہے ہیں لیکن گزشتہ تین سال سے یہ علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ انہیں چار کلومیٹر دورسے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کا جینا دشوار ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ ناصاف پانی پینے پر مجبور ہے اوریہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال علاقے میں وبائی بیماری پھوٹ پڑی تھی۔انہوں نے صوبائی انتظامیہ سے درخواست کی کہ علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔ادھر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و سابق ایم ایل اے شوپیان شیخ محمد رفیع نے بھی علاقے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گرمی کے ایام میں علاقے کے لوگوں کو پانی دستیاب نہیں ہے اور لوگ مشکلات سے دوچار ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقے میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کیا جائے۔