کٹھوعہ //ضلع کی تحصیل بسوہلی کے بھونڈ، گنوئی دھار علاقہ گورنمنٹ مڈل اسکول کے طلباء کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے۔ جمعرات کواسکول کے بچوں نے ریاستی حکومت اور محکمہ پانی کے خلاف احتجاج کیا اور بنی جموں سڑک پرگنوئی دھار موڑ کے قریب دھرنا دیاجس کی وجہ سے6گھنٹوںتک بنی جموں شاہراہ پر ٹریفک مسدود ہو کر رہ گئی۔ اسکولی بچوں کے مطابق دو ماہ سے انہیں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کو اسکول کی جانب سے بار بار پینے کے پانی کی قلت کو لے کر مطلع کیا گیا لیکن محکمہ کی جانب سے خالی یقین دہانی کرائی گئی دو ماہ ہونے کو ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ پانی کی قلت کے باعث طلباء اسکول کے آس پاس گھروں سے پینے کا پانی مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنک آکر اسکولی بچوں نے احتجاجی راستہ اختیار کیا ہے ، اور متنبہ کیا کہ اگر یہ معاملہ طے نہیں ہوا تو وہ مزید مظاہرے کریں گے۔ اطلاع ملنے پر نائب تحصیلدار بسوہلی میر سنگھ موقع پر پہنچے اوردھرنے پر بیٹھے طلباء کویقین دلایا کہ جلد ہی انہیں پینے کا پانی دستیاب کرایا جائے گا، اس یقین دہانی پر طلباء نے احتجاج ختم کیا۔