۔3,250 کروڑ کے ریل و سڑک منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد
عظمیٰ نیوز سروس
مالدہ //ہندوستان کو ہفتہ کے روز، یعنی 17 جنوری کو ’وندے بھارت سلیپر ٹرین‘ کی سوغات مل گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو کل ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ ٹرین ہاوڑہ سے گواہاٹی کے درمیان چلے گی۔ اس سے قبل جو بھی وندے بھارت ٹرینیں چل رہی تھیں، وہ صرف بیٹھنے والی تھیں۔بتایا جا رہا ہے کہ وندے بھارت سلیپر ٹرین شروع ہونے سے لوگوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ مسافروں کو خاص طور سے سفر کرنے میں کم وقت لگے گا۔ ہاوڑہ سے گواہاٹی کے لیے ٹرین سے سفر میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن وندے بھارت سلیپر ٹرین سے یہ سفر تقریباً 2.5 گھنٹے کم ہو جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ 4 نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی، جن میں نیو جلپائی گوڑی-ناگرکول امرت بھارت ایکسپریس، نیو جلپائی گوڑی-تروچیراپلی امرت بھارت ایکسپریس، علی پور دوار-ایس ایم وی ٹی بنگلورو امرت بھارت ایکسپریس اور علی پور دوار-ممبئی (پنویل) امرت بھارت ایکسپریس ٹرین شامل ہیں۔ ان چاروں ٹرینوں کے شروع ہونے سے طویل دوری کے کیفایتی اور بھروسہ مند ریل رابطہ میں بہتری ہوگی۔پی ایم مودی نے کہا کہ ریلوے اس وقت ایک بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ آج مغربی بنگال سمیت پورے ملک میں 150 سے زائد وندے بھارت ٹرینیں چل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج انڈین ریلوے جدید ہونے کے ساتھ ساتھ خود کفیل بھی بنتی جا رہی ہے۔ ہندوستان کے تیار کردہ ریل انجن، کوچ اور میٹرو کوچ اب ہندوستانی ٹیکنالوجی کی شناخت بن رہے ہیں۔
آج ہندوستان امریکہ اور یورپ سے بھی زیادہ لوکوموٹیوز تیار کر رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نےمالدہ میں 3,250 کروڑ روپے مالیت کے متعدد ریل اور سڑک بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کا مقصد مغربی بنگال اور شمال مشرقی خطے میں رابطے کو مضبوط بنانا اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔وزیرِ اعظم نے مغربی بنگال میں چار بڑے ریل منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جن میں نیا بالورگھاٹ۔ہیلی ریل لائن، نیو جلپائی گڑی میں جدید مال بردار ٹرینوں کی دیکھ بھال کی سہولیات، سلی گڑی لوکو شیڈ کی اپ گریڈیشن اور جلپائی گڑی ضلع میں وندے بھارت ٹرینوں کی دیکھ بھال کی جدید سہولیات شامل ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے دو نئی ایل ایچ بی کوچ ٹرینوں، رادھیکاپور۔ایس ایم وی ٹی بنگلورو ایکسپریس اور بالورگھاٹ۔ایس ایم وی ٹی بنگلورو ایکسپریس کو بھی روانہ کیا جن کا مقصد بنگلورو جیسے بڑے روزگار مراکز تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔اس موقع پر موجود ریلوے کے وزیرِ اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ منصوبے ہندوستان کو خود کفیل بنانے اور کولکاتہ سے گوہاٹی تک مشرقی رابطے کو مضبوط کرنے پر حکومت کی توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی بنگال کے لیے ریلوے بجٹ کی رقم تین گنا بڑھا کر 14,000 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ یہ منصوبے مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کریں گے۔