راجوری//گوجربکروال یوتھ کانفرنس اورپہاڑی یوتھ فورم نے گوجری اورپہاڑی زبان کونظراندازکرنے پرشدیدناراضگی کااظہارکیاہے۔راجوری میں گوجربکروال یوتھ کانفرنس اورپہاڑی یوتھ فورم کی مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتاراحمد چوہدری نے گوجری اورپہاڑی کوتعلیمی نصاب میں شامل نہ کرنے کو ناانصافی قراردیتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قراردیا۔انہوںنے کہاکہ اگرحکومت مذکورہ حکمنامے میں ترمیم کرکے گوجری اورپہاڑی کوشامل نہیں کرے گی تو گوجروپہاڑی آبادی ریاست بھرمیں ہمہ گیر احتجاجی مہم شروع کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ گوجری زبان کودوردرشن کی نوٹیفکیشن سے بھی ہٹایاگیا اوراب محکمہ تعلیم نے گوجری کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر میں مختلف مذاہب ،طبقوں،قبیلوں اور مختلف زبانوں اوربولیوں کوبولنے والے لوگ رہتے ہیں،متنوع مذاہب وزبانوں کوبولنے والی آبادی کی توقعات اوران کے جذبات کااحترام کرنااوران کومناسب نمائندگی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن حال ہی میں محکمہ تعلیم کی جانب سے حال ہی میںایک سرکیولرگورنمنٹ آرڈر نمبر 333 Edu of 2017 ،مورخہ 19 جون 2017جاری کیاگیاہے جس میں تین علاقائی زبانوں بشمول کشمیری ، ڈوگری اوربودھی کے بعد دوروزقبل وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے سکینڈری سطح پرتعلیمی نصاب میںسرکاری وغیرسرکاری سکولوں میں متعارف کرانے کومنظوری دی ہے ۔ گفتارچوہدری نے کہاکہ آرڈرنمبر333، راجوری پونچھ جہاں گوجراورپہاڑی آبادی کثیرتعدادمیں آبادہے کی اہم علاقائی زبانوں گوجری اورپہاڑی زبانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں گوجری کوہندوستان کی دیگرریاستوں مثلاً ہماچل پردیش ، گجرات ، راجستھان اوراتراکھنڈوغیرہ میں بھی سمجھااوربولاجاتاہے وہیں پاکستان کے زیرانتظام کشمیرنیز خیرپختون خواہ اورافغانستان کی کثیرآبادی بھی گوجری نہ صرف سمجھتی ہے بلکہ روزمر ہ زندگی میں قبائلی گوجری زبان کااستعمال کرتی ہے وہیں پہاڑی زبان پوری ریاست میں بولی جاتی ہے ،اس کے علاوہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کثیرتعدادمیں لوگ پہاڑی زبان بولتے اورسمجھتے ہیں ۔انہوں نے ریاستی حکومت بالخصوص ریاستی وزیراعلیٰ سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ آرڈرنمبر 333Edu آف 2017 میں فوری طورپر ترمیم کرکے فوری طورپرگوجری اورپہاڑی زبانوں کو سکینڈری سطح پر لازمی مضامین کے طورپر شامل کریں اورانتباہ دیاہے کہ اگرایسانہ کیاگیا توگوجراورپہاڑی عوام متحدہوکرحکومت کیخلاف احتجاج کی راہ اختیارکرے گی جس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم وریاستی حکومت پرعائد ہوگی۔ اس دوران پریس کانفرنس میںطیب چوہدری، فردوس شال، ندیم مرزا، شاداب شاہ ، شہزاداحمدچوہدری ودیگران بھی موجودتھے۔