عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان کے شمالی، مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں جنوب مغربی مانسون کی شدت کے باعث شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ مختلف ریاستوں میں پیش آنے والے بارش سے متعلق حادثات میں کم از کم 16 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد لاپتہ اور کئی زخمی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چھ سے سات دن تک شمالی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں مانسون کے سرگرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔اتراکھنڈ میں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش سے عام زندگی درہم برہم ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین دنوں بھی ایسے ہی حالات بنے رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران، مختلف حادثات میں تین افراد اور مویشیوں کی موت ہونے کے علاوہ، کئی لوگ اور مویشی زخمی ہوئے ہیں۔ ریاستی ہنگامی آپریشن مرکز کے مطابق ضلع نینی تال میں اتوار پیر کی رات تقریباً 12:54 بجے تحصیل ہلدوانی کے تحت، ٹرانسپورٹ نگر کے پاس ایک نامعلوم کار کے ذریعے پیدل چل رہے شخص کو ٹکر مارنے سے اس کی موت ہوئی ہے۔ناگالینڈ کے مون ضلع میں اتوار کے روز موسلا دھار بارش کے باعث اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بھاری تباہی مچائی، جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہو گئے۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی مکانات بہہ گئے، سڑکیں بند ہو گئیں اور کئی لوگ ملبے تلے دب گئے۔اس سلسلے میں مون ضلع کے ڈپٹی کمشنر وینیئی کونیاک نے بتایا کہ اب تک چار لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ چار دیگر اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “مون ضلع میں مختلف مقامات پر مسلسل بھاری بارش کی وجہ سے ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے مون ٹاؤن اور تیجت ہیں۔ بھاری بارش رات تقریباً ایک بجے شروع ہوئی اور ہمیں صبح تقریباً چھ سے سات بجے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کی اطلاع ملی۔ اتر پردیش میں جنوب مغربی مانسون پوری طرح سرگرم ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مشرقی اور مغربی دونوں حصوں میں بڑے پیمانے پر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ کئی مقامات پر بہت زیادہ اور انتہائی بھاری بارش ہوئی، جس کی وجہ سے نچلے علاقوں میں پانی بھر گیا، ندی نالوں کی سطحِ آب میں اضافہ ہوا اور عام زندگی پر بڑے پیمانے پر اثرات دیکھنے کو ملے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی ریاست کے متعدد اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔