سمت بھارگو
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی اور پہاڑی علاقے منڈی کے گاؤں چھمبرکناری میں جمعرات کے روز اْس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک جنگلی ریچھ نے تین خواتین پر اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کو ریچھ کے چنگل سے بچایا اور فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال منڈی منتقل کیا۔ذرائع کے مطابق خواتین روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھیں کہ اسی دوران ان کا سامنا اچانک ایک جنگلی ریچھ سے ہوگیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ریچھ نے خواتین پر حملہ کر دیا جس سے پورے علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی۔ مقامی باشندے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور کافی جدوجہد کے بعد زخمی خواتین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔زخمی خواتین کی شناخت گلناز اختر (18)، شاہین اختر (36) اور نازیہ اختر (25) کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد دو خواتین کو تشویشناک حالت میں راجہ سکھ دیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں نازیہ اختر کی حالت مزید بگڑنے پر انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق نازیہ کے جسم پر گہرے زخم آئے ہیں جبکہ دیگر زخمی خواتین بھی شدید صدمے میں ہیں۔واقعہ کے بعد علاقے میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور مقامی لوگوں نے جنگلی جانوروں کی بڑھتی نقل و حرکت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے جنگلات سے ملحقہ آبادیوں میں ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کی آمد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جس سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔سول سوسائٹی اراکین، سماجی کارکنان اور مقامی باشندوں نے محکمہ وائلڈ لائف اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنگلی جانوروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے، حساس علاقوں میں ٹیمیں تعینات کرنے، عوام میں بیداری مہم چلانے اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔مقامی لوگوں نے حکومت سے یہ بھی اپیل کی کہ جنگلاتی علاقوں سے متصل دیہات میں حفاظتی باڑ، نگرانی کے خصوصی انتظامات اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹم قائم کیا جائے تاکہ عام شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔