محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پولیس پونچھ پونچھ نے یومِ آئین نہایت عقیدت، احترام اور سنجیدگی کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب ڈسٹرکٹ پولیس آفس (ڈی پی او) پونچھ میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد 26 نومبر 1949 کے اْس تاریخی دن کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا جب ہندوستان کا آئین باقاعدہ طور پر منظور کیا گیا اور ملک کی جمہوری بنیادوں کو مضبوط بنیاد فراہم کی گئی۔تقریب کی صدارت ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین، جے کے پی ایس نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود افسران و اہلکاروں کو آئینِ ہند کے دیباچے (Preamble) کی اجتماعی عہد دلایا۔ اجتماعی حلف برداری کے دوران افسران نے عہد کیا کہ وہ عدل، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے آئینی اصولوں کی پاسداری کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے۔ایس ایس پی پونچھ نے اپنے خطاب میں 26 نومبر کی تاریخی اور آئینی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن آئین سازوں کے وڑن، اعلیٰ فکری بصیرت اور ملک کو ایک مضبوط، مربوط اور عوامی جمہوری نظام دینے کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے لئے آئینی اقدار کی پاسداری ہر فیصلے، ہر کارروائی اور عوام کے ساتھ ہر تعامل میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ایس ایس پی نے افسران و اہلکاروں کو یاد دلایا کہ ہر پولیس اہلکار کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے، قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے اور اپنی ڈیوٹی دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور شفافیت کے ساتھ ادا کرے۔تقریب کے اختتام پر موجود تمام افسران و اہلکاروں نے ملک و ملت کی خدمت کے لیے آئینی اصولوں پر مکمل کاربند رہنے کا عہد دوبارہ دہراتے ہوئے یومِ آئین کو تجدیدِ عزم کے طور پر منایا۔یہ پروقار تقریب ڈسٹرکٹ پولیس پونچھ کی جانب سے آئینی اقدار کے فروغ اور عوامی خدمت کے عزم کی ایک روشن مثال قرار دی گئی۔