محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں قائم خوبصورت ٹیولپ گارڈن کو باضابطہ طور پر عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی طاہر مصطفی ملک، اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر (ADDC) تھے، جنہوں نے ربن کاٹ کر اس حسین باغ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں طاہر مصطفی ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ٹیولپ گارڈن اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکمہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود اس خوبصورت باغ کی تیاری ایک قابلِ تعریف کارنامہ ہے۔گارڈن میں مختلف چھ اقسام کے رنگ برنگے ٹیولپس لگائے گئے ہیں جو بہار کی آمد کے ساتھ اپنی دلکشی سے ہر دیکھنے والے کو مسحور کر رہے ہیں۔ خوشنما کیاریاں، منظم راستے اور دلکش ماحول اس مقام کو فیملیز کے لیے ایک بہترین تفریحی مرکز بناتے ہیں۔ افتتاح کے بعد شرکاء نے باغ کا دورہ کیا اور پھولوں کی خوبصورتی کو سراہا۔طاہر مصطفیٰ ملک نے مزید کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ مثبت سماجی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عوامی اثاثے کی حفاظت کریں اور صفائی و نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔مقامی شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیولپ گارڈن نہ صرف پونچھ کی شناخت کو نیا رنگ دے گا بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔