پونچھ//پونچھ میں سکھوں کی تنظیم شیرومنی گرودوارا پربندھک کمیٹی کے زیر اہتمام بابا گرونانک دیو جی کی سالگرہ کے موقعے پر مہا نگر کرتن نکالا گیا۔اس سلسلہ میں پونچھ کے مختلف گرودواروں سے چھوٹے چھوٹے جلوس گرو دواروہ سنگھ سبھا پونچھ پہنچے جہاں سے شام ساڑھے تین بجے بڑا جلوس بر آمد ہواجو پونچھ کے صدر بازار سے گزرتا ہوا قلعہ پونچھ کے قریب پہنچا جہاں سکھوں کے مذہبی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے بابا گرونانک دیو جی کی زندگی کے مختلف گوشوئوں پر روشنی ڈالی ۔انہوںنے کہا کہ بابا جی نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا اور سکھ مذہب میں مساوات، خدمت کے جذبے، ایک دوسرے پر اعتماد ،تعاون اور احترام کے جو اصول ہیں، وہ سبھی گرونانک دیو جی کے بتائے ہوئے ہیں ۔ قلعہ سے دوبارہ نگر کرتن شروع ہوا اوراس دوران مختلف گاڑیوں اور ٹرالیوں پر سوار گرودواروں کی جانب سے راگھی جتھوں نے جہاں کیرتن کیا وہی بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے تلوارز بازی اور لٹھ بازی کے جوہر دکھا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ نگر کیرتن میں شامل خواتین بھی گرونانک دیو جی کے نعرے لگاتی رہیں اور جلوس میں شامل رہیں۔ بس اڈہ سے گزر کر یہ جلوس گورنمنٹ ڈگری کالج گرائونڈ میں وارد ہوا جہاں مختلف تنظیموں کی جانب سے سٹالوں پر عقیدتمندوں کے لئے کھانے پینے کا اہتمام کیا گیا تھا ۔بعد میں یہ نگرکیرتن ناخاں والی سڑک کے راستے پھر صدر بازار میں داخل ہوا اور وہاں سے احاطہ صاحب پونچھ میں اختتام پذیر ہوا ۔جلوس کے آخر میں پرشاد تقسیم کیاگیا۔جلوس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر،ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ،دیگر افسران اور مقامی معززین نے بھی شرکت کی ۔اس دوران بھائی چارے کی مثال قائم کی گئی ۔