محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ سماجی بہبود پونچھ کی جانب سے معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک پروقار اور انتہائی باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع پونچھ اور آس پاس کے علاقوں سے 250 سے زائد خصوصی افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد خصوصی افراد کی ہمت، صلاحیتوں اور معاشرتی کردار کو سراہنا اور ان کے حقوق و ضروریات کو اجاگر کرنا تھا۔اس خصوصی تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دونوں افسران نے شرکا سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن سرکاری تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے دوران ضلع انتظامیہ کی جانب سے خصوصی افراد میں کمبل اور ضروری اشیاء بھی تقسیم کی گئیں، جسے شرکا نے قدر کی نگاہ سے دیکھا۔تقریب میں شریک پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فرنٹ کے چیئرمین محمد فرید ملک نے اپنے وفد سمیت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو ایک اہم یادداشت بھی پیش کی۔ اس یادداشت میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم مطالبات، مستقل سہولیات، روزگار کے مواقع، اسکل ڈیولپمنٹ پروگراموں کی فراہمی، اور معذور افراد کے لئے پونچھ میں ایک مربوط سپورٹ سنٹر کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا وہ روشن چہرہ ہیں جو صرف معاونت اور توجہ کے محتاج ہیں، اور اگر انہیں مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ افراد معاشرے میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تقریب میں خصوصی دلچسپی لینے اور عملی تعاون فراہم کرنے کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ انتظامیہ خصوصی افراد کے لیے سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ یادداشت میں پیش کیے گئے نکات پر جلد پیش رفت کی جائے گی، اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے ساتھ مل کر ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔تقریب مجموعی طور پر انسانی ہمدردی، سماجی ذمہ داری اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوئی، جس نے پونچھ کے خصوصی افراد کے لیے امید اور حوصلے کے نئے دروازے کھول دیے۔واضح رہے کہ یہ پروگرام ضلع سوشل ویلفیئر افیسر پونچھ خلیل احمد بانڈے کی مجموعی نگرانی میں منعقد ہوا۔