محتشم احتشام
پونچھ// ضلع پونچھ کے صدر مقام پر مرکزی بازار کی تنگ گلیوں میں بے ہنگم پارکنگ اور غیر منظم ٹریفک کے باعث پیدل چلنے والوں کا گزرنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔ مقامی شہریوں، تاجروں اور خریداروں نے انتظامیہ کی خاموشی اور عدم توجہی پر شدید تشویش اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔صدر بازار کی سڑکوں پر دو پہیہ گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ دکانداروں اور گاہکوں کی جانب سے موٹر سائیکلیں اور اسکوٹر سڑک کے بیچوں بیچ کھڑے کر دئیے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں پیدل چلنے والوں کے لئے راستہ باقی نہیں رہتا۔ صورتحال اس قدر ابتر ہو چکی ہے کہ معمولی آمدورفت بھی شدید دشواری کا سبب بن رہی ہے۔اسی طرح تنگ گلیوں میں گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث آئے روز ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔
کئی مواقع پر گھنٹوں تک گاڑیاں پھنسی رہتی ہیں جس سے بزرگ شہریوں، خواتین اور اسکول جانے والے بچوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاوہ ازیں بازار میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے۔ نالیوں کی خستہ حالی اور جگہ جگہ بکھرے کچرے نے بازار کے ماحول کو مزید خراب کر دیا ہے جس سے شہریوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔بازار آنے والے ایک مقامی شہری نے بتایا کہ اب اس علاقے سے گزرنا گویا کسی جنگ جیتنے کے مترادف ہو گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ٹریفک پولیس اور میونسپل انتظامیہ اس سنگین مسئلے پر خاموش کیوں ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ شہریوں نے ضلع انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ٹریفک نظام کو منظم کیا جائے اور بازار کی صفائی و نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔