محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ شہر کے مرکزی بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر بڑھتی ہوئی تجاوزات ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہیں جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بازار کے بیشتر حصوں میں دکانداروں کی جانب سے فٹ پاتھوں اور سڑک کے کناروں پر سامان رکھنے کے باعث پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ تقریباً بند ہو چکا ہے اور لوگ مجبوراً سڑک پر چلنے پر مجبور ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر مصروف اوقات میں بازار میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت کے درمیان پیدل چلنا خطرے سے خالی نہیں رہتا۔
مقامی لوگوں کے مطابق اگر اس مسئلے پر بروقت توجہ نہ دی گئی تو بازار میں نظم و نسق کو برقرار رکھنا مزید مشکل ہو جائے گا۔مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی دکاندار اپنی دکانوں کا سامان فٹ پاتھوں تک پھیلا دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کے لئے بنائے گئے راستے تنگ ہو جاتے ہیں۔ بزرگ افراد، خواتین اور اسکول جانے والے بچوں کو خاص طور پر دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ انہیں محفوظ راستہ میسر نہیں آتا۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں اور اہم عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو باقاعدہ مہم چلا کر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر ناجائز قبضوں کو ہٹانا چاہیے تاکہ شہریوں کو آسان اور محفوظ آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔اس حوالے سے ایڈووکیٹ مجید خان نے اپنے بیان میں کہا کہ عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جانی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھ دراصل پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے بنائے جاتے ہیں اور ان پر غیر قانونی قبضہ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ عوامی حقوق کی پامالی بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرے تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ آمدورفت کی سہولت حاصل ہو سکے۔ ان کے مطابق اگر بازاروں میں نظم و ضبط قائم رکھا جائے اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنایا جائے تو اس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام بہتر ہوگا بلکہ شہر کی خوبصورتی اور کاروباری ماحول بھی بہتر ہو گا۔