محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ شہر اس وقت آوارہ کتوں کے خوف میں جکڑا ہوا ہے۔ شہر کے گلی کوچے، رہائشی محلے اور تعلیمی اداروں کے آس پاس آوارہ کتوں کے جھنڈ کھلے عام گھومتے نظر آتے ہیں، جس سے شہریوں بالخصوص اسکولی بچوں میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔پاور ہاؤس چوک، جو شہر کا مصروف ترین علاقہ ہے، وہاں صبح کے اوقات میں کتوں کے غول دیکھنا معمول بن چکا ہے۔محض پچاس میٹر کے فاصلے پر ایک نجی اکیڈمی اور سو میٹر پر دوسرا اسکول واقع ہے، جہاں روزانہ بچے آوارہ کتوں کے خوف میں گھر سے نکلتے ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ ہر صبح یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ جائے۔مقامی باشندوں کے مطابق، بعض لوگ انسانی ہمدردی کے جذبے سے آوارہ کتوں کو چارہ ڈالنے کے عادی ہیں، جس کے باعث ان کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ نتیجتاً، کئی علاقوں میں رات کے وقت عام شہریوں کا نکلنا بھی خطرناک بن گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، تحصیلدار حویلی نے کچھ عرصہ قبل آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پر قابو پانے کے لئے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا، مگر افسوس کہ یہ اقدام محض کاغذی کاروائی ثابت ہوا۔ میونسپل کونسل پونچھ سمیت متعلقہ ادارے تاحال کوئی عملی قدم اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔شہری حلقوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی سی) پونچھ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کو آوارہ کتوں کے خوف سے نجات دلانے کے لئے مؤثر اور پائیدار حکمت عملی تیار کی جائے، تاکہ بچوں اور عام شہریوں کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔