منڈی//پونچھ حد متارکہ سے ایک کمسن پاکستانی لڑکا گرفتار کرلیاگیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب فوج نے ایک دس سالہ کمسن کو دیگوار دلہان علاقے سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت محمد عبداللہ ولد منا ساکنہ دیگوار پاکستان کے طور پر ہوئی ہے۔بعد میں فوج نے اسے پولیس کی تحویل میں دے دیاجہاں اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق نے بتایا کہ گزشتہ شب فوج نے دیگوار حد متارکہ سے دس سالہ پاکستانی بچے کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا ۔انہوں نے بتایاکہ بچے کے مطابق وہ وہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے علاقہ دیگوار میں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران کمسن الگ الگ قسم کے بیانات دے رہا ہے ۔انوار الحق نے کہا کہ کبھی وہ کہتا ہے کہ اس کو کچھ لوگوں نے سرحد کے اس پار آنے کو کہا اور کبھی وہ کوئی دوسرا بیان دے رہا ہے۔ ایڈیشنل ایس پی نے کہا کہ اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔