سرینگر //سرینگر شہر میں حالیہ عسکری حملوں کے پیش نظر انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون وجے کمار نے پولیس کنٹرول روم میں کشمیر میں سیکورٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میں آئی جی سی آر پی ایف سرینگر آپریشنز مس چارو سنہا ، ڈی آئی جی وسطی کشمیر امت کمار ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف شمالی سرینگر ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف جنوبی سری نگر ، ڈی آئی جی ایس ایس بی کے علاوہ ضلع سرینگر کے تمام زونل ایس ایس پیز اور سرینگر میں تعینات سی آرپی ایف اورایس ایس بی کے تمام کمانڈنٹوں نے شرکت کی۔ سرینگر شہر میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملے اور اس طرح کے ممکنہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات اجلاس کی توجہ کا مرکز رہے۔ شریک افسران نے زمینی سطح پر اس طرح کے حملوں اور دیگر چیلینجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں ان کے شروع کردہ اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔ آئی جی پی کشمیر کو ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے اور خاص طور پر سیاحوں کیلئے امن و سلامتی کی بحالی کیلئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا کیونکہ امید کی جاتی ہے کہ آنے والے موسم گرما میں بڑی تعداد میں سیاح وادی کا دورہ کریں گے۔ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے ، آئی جی پی کشمیر نے ان پر زور دیا کہ سرینگر شہر میں عسکریت پسندوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے تمام اہم اداروں اور مقامات کی سیکورٹی نگرانی کو بڑھانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ سری نگر شہر میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عام سیکورٹی گرڈ کو مستحکم بنائیں اور زمینی سطح پر کام کرنے والی اپنے اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے مابین بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائیں تاکہ دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو موجودہ امن پسند ماحول کو درہم برہم کرنے کا موقع نہ ملے۔ سرینگر شہر میں انہوں نے اہم اور حساس مقامات پر چوبیس گھنٹوں کے ناکوں،ہمہ وقت چوکیوں،ہجوم والے علاقوں میں اچانک اور محدود محاصروں و تلاشیوں،داخلی و خارجی راستوں پر نگاہ رکھنے کے علاوہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی جانچ پڑتال اور ڈرئون کے ذریعے نگرانی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ امن کیلئے سبھی افراد بالخصوص مشکوک عناصر کی نقل و حرکت پرکڑی نظررکھنا لازمی ہے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ جب بھی شہر میں تشدد کا کوئی واقعہ ہو تو فوری طور پر سبھی چھوٹے بڑے راستوں کی ناکہ بندی کر کے ڈرون سے نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے زونل ایس ایس پیز پر زور دیا کہ وہ قوم و سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں ، اس کے علاوہ امن درہم برہم کرنے والوں اور افواہوں بازوں سمیت ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ سرینگر شہر میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے انہیں زمین پر زیادہ چوکس اور متحرک رہنا ہوگا۔آئی جی پی کشمیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی میں اضافہ کریں اور عسکریت پسندی کے خلاف آپریشن کریں اور سری نگر شہر میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے تمام فعال اقدامات کریں۔ انہوں نے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ عسکریت پسندوں کے ساتھیوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور ان کے خلاف قانون کے تحت تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔