راجوری//پٹوار ایسو سی ایشن راجوری نے تھنہ منڈی کے ایک پٹواری کو گرفتار کرنے کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا اور پولیس پر زیادتی برتنے کا الزام عائد کیا ۔تنظیم کے مطابق پولیس نے پٹواری کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیاہے جس کے خلاف خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر کے باہر دیئے گئے دھرنے میں ضلع بھر سے پٹواریوںنے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پٹوار ایسوسی ایشن ضلع صد ر افتخار احمد مرزا نے کہا کہ تھنہ منڈی میں محکمہ مال کے کوارٹر میں ایک پولیس آفیسر رہائش رکھتے ہیں جنہوں نے گزشتہ روز غیر قانونی طور پر وہاں تعمیراتی کام شروع کردیا جس کے خلاف پٹوار یوں نے اعتراض جتایا تو پولیس نے تحصیلدار کے ساتھ بدسلوکی کی اور پھر دوسرے روز پولیس نے وہاں تار بندی کروادی ۔انہوںنے کہاکہ اسی روز پٹواریوں کی ایک میٹنگ منعقد ہونا طے پائی تھی اور پولیس کی طرف سے بچھائی گئی تار بندی کو جب ہٹایا گیا تو پولیس آفیسر ان نے پٹواریوں کے ساتھ بدکلامی کی جس کے بعد شام دیر گئے ایک پٹواری عابد کو پولیس نے غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا ۔انہوںنے کہاکہ اس پر اس کے دیگر ساتھی وہاں پہنچے جنہوںنے پولیس سے عابدجاوید میر مچلکہ بھرنے کے بعد رہا کروایا ۔ایسو سی ایشن صدر کاکہناتھاکہ پولیس کی غنڈہ گردی کے خلاف خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی اور ان کا مطالبہ ہے کہ ایس ڈی پی او تھنہ منڈی کا تبادلہ کیاجائے ۔ افتخاراحمد مرزا نے کہا کہ پٹوار ایسوسی ایشن ریاست بھر میں پولیس کے اس رویے کے خلاف احتجاجی راستہ اختیار کرے گی اور اگر تھنہ منڈی میں پٹواریوں کے ساتھ ہوئی زیادتی کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی ۔ان کاکہناتھاکہ تعمیراتی کام قانونی دائرے میں رہ کر کئے جائیں اور تحصیلدار اور پٹواری کے ساتھ کی گئی بدسلوکی کا فوری نوٹس لیکر کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دریں اثناء اے ڈی ڈی سی راجوری اے ایس چب اور ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف نے بھی گزشتہ رات کو تھنہ منڈی کادورہ کرکے وہاں افسران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔وہیںپٹواریوںنے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی یقین دہانی پرپانچ دنوں کیلئے احتجاجی دھرنا ختم کردیاہے۔