محتشم احتشام
پونچھ//سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان سائبر پولیس اسٹیشن پونچھ نے ایک بار پھر اپنی مؤثر، بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کا ثبوت دیتے ہوئے نومبر 2025 کے دوران مختلف سائبر مالی دھوکہ دہی کے کیسز میں شہریوں کے 3,21,702 روپے کامیابی کے ساتھ برآمد کر لئے۔ یہ کامیابی ضلع پونچھ پولیس کی اس سنجیدہ کوشش کا اظہار ہے جس کا مقصد شہریوں کو ڈیجیٹل جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔گزشتہ ایک ماہ میں متعدد شہریوں نے سائبر پولیس اسٹیشن پونچھ سے رجوع کیا اور مختلف نوعیت کے شکایتی معاملات درج کرائے جن میں یو پی آئی فراڈز، سوشل میڈیا اسکیمز، آن لائن مارکیٹ پلیس دھوکہ دہی، جعلی لون ایپلی کیشنز، او ٹی پی فراڈ اور فیک انویسٹمنٹ اسکیمیں شامل تھیں۔ ہر شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سائبر پولیس ٹیم نے مشتبہ ٹرانزیکشنز کو بروقت منجمد کیا، مختلف بینکوں اور مالیاتی اداروں سے رابطہ قائم کیا اور ڈیجیٹل ٹریسنگ کے ذریعے متاثرہ شہریوں کی رقوم کی واپسی کو یقینی بنایا۔سائبر پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے نہ صرف شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لیا بلکہ کئی معاملات میں چند گھنٹوں کے اندر رقومات کو فریز کرا کر مجرمان کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔بروقت کارروائی، تکنیکی مہارت اور بینکنگ نیٹ ورکس کے ساتھ مضبوط رابطہ کاری کے باعث شہریوں کو بڑی مالی نقصان سے بچایا گیا۔ضلع پولیس پونچھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں محتاط رہیں، اپنی بینکی معلومات، او ٹی پی، پاس ورڈز اور دیگر حساس ڈیٹا کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، نامعلوم لنکس یا مشکوک میسجز پر کلک کرنے سے گریز کریں، اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔سائبر کرائم کی شکایت درج کرنے کے لیے شہری سائبر پولیس اسٹیشن پونچھ سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں، یا نیشنل سائبر کرائم پورٹل www.cybercrime.gov.in اور ہیلپ لائن 1930 کا استعمال کر کے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ضلع پولیس پونچھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سائبر فراڈ کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کے مالی تحفظ کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی، تاکہ سب کے لیے ایک محفوظ اور منظم ڈیجیٹل ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔