عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات نے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں سیکورٹی صورتحال کا ایک جامع جائزہ لیا۔ سینئر افسران کے ہمراہ، انہوں نے دونوں اضلاع میں موجودہ سیکورٹی صورتحال، انسداد ملی ٹینسی کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔شوپیاں میں، ڈی جی پی نے ضلعی پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ایک سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں انسدادملی ٹینسی کی کوششوں کو مضبوط بنانے، اقلیتی برادری کی سیکورٹی کو یقینی بنانے، اور سیاحتی مقامات پر مناسب حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو چوکس رہنے اور تخریبی عناصر اور ان کے معاون نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔پلوامہ میں ڈی جی پی نے سیکورٹی کے منظر نامے، انسداد ملی ٹیسنی آپریشنز، اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا، انٹیلی جنس اکٹھا کرنے، رابطہ کاری اور فعال پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے ضلع میں تعینات افسران اور اہلکاروں کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ترغیب دی۔ڈی جی پی نے افسران پر زور دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر پر مسلسل دباؤ برقرار رکھیں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے سیکورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے اور اضلاع میں ایک مضبوط سیکورٹی گرڈ کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ۔ پولیس ضلع اونتی پورہ میںڈی جی پی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔جس میں سکیورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے ہمراہ اسپیشل ڈی جی کوآرڈینیشن پولیس ہیڈکوارٹرز جموں و کشمیر ایس جے ایم گیلانی، انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل ساؤتھ کشمیر رینج جاوید اقبال متو بھی موجود تھے۔ پولیس حکام نے علاقے میں سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس معلومات اور جاری آپریشنز کے بارے میں ڈی جی پی کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
میٹنگ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس سے جڑے جرائم کے خلاف اٹھائے جا رہے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولیس حکام نے ڈی جی پی کو بتایا کہ ضلع میں منشیات کے کاروبار کو روکنے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی جی پی نے اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر، منشیات کے کاروبار اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران مکمل چوکس رہیں اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ موجودہ حالات میں فعال پولیسنگ اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف سکیورٹی ایجنسیوں اور پولیس یونٹس کے درمیان مضبوط رابطہ اور بہتر ہم آہنگی برقرار رکھی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔