عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نےپنچایت انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظرثانی کا اختتام حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے ساتھ کیا، جس میں یکم جنوری 2025کو اہلیت کی تاریخ ہے۔پنچایت انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظرثانی کے دوران، جو کہ11نومبر2024کو مسودہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے ساتھ شروع کی گئی تھی، انتخابی فہرستوں کے اندراجات میں کئی اضافے، حذف اور تبدیلیاں شامل کی گئیں۔
مجموعی طور پر 341072نئے ووٹرز شامل کیے گئے ہیں اور 110768کے نام موت، شفٹ ہونے یا دیگر وجوہات کی بنا پر حذف کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 10726 ووٹروں کی تفصیلات میں تصحیح کی گئی اور 31180ووٹروں کو دیگر پنچایت حلقوں/وارڈوں میں منتقل کیا گیا۔حتمی پنچایت انتخابی فہرست میں کل 7000670ووٹرز ہیں جن میں 3566475مرد، 3434048خواتین اور 147تیسری جنس کے ووٹرز شامل ہیں اور یہ ضلع پنچایت الیکشن آفیسرز، ای آر اوز، ایروز اور پی بی ای او کے دفاتر میں دستیاب ہیں۔کمیشن نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سیاسی پارٹیوں، ضلع پنچایت انتخابی افسران، پنچایت مبصرین، ای آر اوز، اے ای آر اوز، پی بی ای اوز اور خاص طور پر نوجوانوں کے تعاون کی تعریف کی جنہوں نے پنچایت انتخابی فہرستوں میں اپنے ناموں کا اندراج کرانے کے لیے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پنچایت انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا عمل مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کی مشق ہے۔ تمام اہل ووٹرز جن کی عمر 01-01-2025 کو 18 سال ہے اور ان کے نام حتمی انتخابی فہرستوں میں شامل نہیں ہیں وہ مطلوبہ فارم کو پُر کرکے اور متعلقہ ERO/AERO کے پاس جمع کر کے اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔