پونچھ//سماجی بہبود فورم پونچھ کا ایک اجلاس زیر صدارت صدر محمد رشید شاہپوری منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران فورم کارکنان نے اس بات پر تشویش کا اظہارکیا کہ محکمہ سماجی بہبود پونچھ میں جن بزرگوں نے پچھلے چار سال سے ماہوار امداد فراہم کرنے کے لئے اپنی فائلیں جمع کروا ئی تھیں،کو ابھی تک پنشن کیلئے منظور نہیں کیاگیا جبکہ وہ اس پنشن کے مستحق بھی ہیں۔انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں ہدایات جاری کر کے جلد ازجلد بزرگوں کو پنشن واگزار کروائیں۔شاہپوری نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے این ایف بی ایس اسکیم بھی شروع کی گئی تھی جس میں بیوہ عورتوں کو ماہوار امداد فراہم کی جاتی تھی لیکن وہ بھی دو سال سے فراہم نہیں کی جا رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ غریب اور یتیم بچیوں کی شادیوں کے سلسلہ میں بھی عرصہ دو سال سے محکمہ رقومات فراہم نہیں کر رہا۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اگر ان کی طرف سے یہ رقومات فراہم نہیں کی گئی ہیں تو وہ جلد از جلد محکمہ کو رقومات فراہم کریں ۔انہوںنے کہاکہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ اگر حکومت نے رقومات فراہم کی ہیں تو پھر وہ کہاں خرچ کی گئی ہیں۔